پشاور : سی ٹی ڈی پولیس نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ہمراہ پشاور میں چھاپہ مار کر کالعدم جماعت کا اہم رکن گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کےہمراہ پشاورمیں چھاپہ مارا ، چھاپے میں کالعدم جماعت کے اہم رکن گرفتار کرلیا، ملزم کو کراچی منتقل کیا جائے گا۔
سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا کہ گرفتارملزم بلوچستان میں دہشت گردی اور فرقہ وارانہ وارداتوں میں ملوث ہے، ملزم کے دو ساتھی چند دن پہلے گھوٹکی میں مارے گئے تھے۔
یاد رہے رواں ماہ شہرقائد میں پولیس نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 3 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔
ایس ایس پی کورنگی نے بتایا تھا کہ کورنگی صنعتی ایریا سے لیاری گینگ وار کے 3 مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کیا ہے، ملزمان اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کیلئےنکلے تھے۔
اس سے قبل کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن سے تحریک طالبان پاکستان کے دو دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا تھا ، گرفتار دہشتگرد افغانستان سے عسکری تربیت یافتہ اور کراچی میں کسی تخریب کاری کی منصوبہ بندی کیلئے اکھٹے ہوئے تھے۔