کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد رستم علی کو گرفتار کرلیا، ملزم قتل، اقدام قتل اور ریلوے ٹریکس پر دھماکوں میں ملوث تھا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں چھاپہ مار کارروائی کی، کارروائی میں کالعدم ایس آر اے (سندھو دیش لبریشن آرمی) کے دہشت گرد رستم علی کو گرفتار کرلیا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم رستم علی کالعدم ایس آر اے کا ماسٹر مائنڈ ہے، ملزم قتل، اقدام قتل اور ریلوے ٹریکس پر دھماکوں میں ملوث تھا۔
حکام کے مطابق ملزم کے خلاف 8 مقدمات کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں میں درج ہیں، گرفتار ملزم ایک اسمارٹ فون ایپ کے ذریعے ہدایات اپنے دیگر ساتھیوں کو دیا کرتا تھا۔