لاہور: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے انار کلی بم دھماکے کے مرکزی ملزم سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دونوں دہشت گردوں کو لاہور سے گرفتار کیا گیا، گرفتار دہشت گردوں میں ثنا اللہ اور عبدالرازق شامل ہیں، دہشت گردوں سے دھماکا خیز مواد ، ڈیٹونیٹر، بیٹریاں اور ریموٹ کنٹرول برآمد ہوئے ہیں، ضبط سامان لاہور میں دو مختلف بم دھماکوں میں استعمال کیا جانا تھا۔
حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں کے بارے میں خفیہ اطلاع ملی تھی کہ وہ اپنی مذموم کارروائیوں کے لئے لاہور پہنچ رہے ہیں جس پر کامیاب کارروائی کے دوران ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی، دہشت گردوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والےاداروں اور ٹرین کی بوگی کو نشانہ بنایاجاناتھا۔
سی ٹی ڈی ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان نے اسلام آباد اور ملتان میں بھی دھماکوں کا انکشاف کیا ہے، مزید تفتیش کے لئے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں لاہور کے مشہور انارکلی بازار میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ تینتیس زخمی ہوئے تھے، پولیس کے مطابق مرنے والوں کی شناخت 9سالہ ابصار، 18سالہ یاسر اور 30سالہ رمضان کے نام سے ہوئی۔
کالعدم جماعت بلوچ نیشنلسٹ آرمی نے لاہور میں ہونے والے دھماکے کی ذمے داری قبول کی تھی۔