کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں شارع فیصل پر واقع نجی ہوٹل میں آتش زدگی کے واقعہ میں نامزد ملزمان عبوری ضمانت منسوخ ہونے پر سٹی کورٹ سے فرار ہوگئے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں نجی ہوٹل میں آتش زدگی کیس کی سماعت ہوئی۔ مقدمے میں نامزد ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانت منسوخ کرتے ہوئے گرفتاری کا حکم دیا لیکن گرفتاری کے احکامات جاری ہوتے ہی ملزمان عدالت سے با آسانی فرار ہوگئے۔
ملزمان میں ہوٹل کے سی ای او زبیر الدین، ایم ڈی مظفر بویجہ، چیف سیکیورٹی آفیسر سعد، چیف انجینئر ارشد جاوید اور شفٹ انچارج پرویز سلیم شامل ہیں۔
ںجی ہوٹل میں آتشزدگی
یاد رہے کہ گزشتہ برس 5 دسمبر کی شب ہوٹل میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے بعد لوگوں نے کھڑکیوں سے کود کر اپنی جانیں بچائیں۔ واقعے میں 13 افراد جاں بحق اور 79 زخمی ہوگئے تھے۔
تحقیق میں انکشاف ہوا تھا کہ ہوٹل کے تمام حفاظتی سسٹم و آلات ناکارہ تھے جس کے بعد ہوٹل انتظامیہ کو حادثے کا ذمہ دار قرار دے کر سی ای او، ایم ڈی، چیف سیکیورٹی آفیسر، چیف انجینئر اور شفٹ انچارج کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔