لاہور: پنجاب پولیس نے تہرے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا جس نے نصیر آباد کے علاقے میں 2 خواتین سمیت تین افراد کو قتل کردیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں لاہور کے علاقے نصیرآباد میں دو خواتین سمیت تین افراد کو قتل کیا گیا جس کا مقدمہ درج کر کے پولیس نے تفتیش کا آغاز کیا۔
پولیس نے مقتولہ کے قریبی رشتے دار عظیم نامی شخص کو شامل تفتیش کر کے اُس سے تحقیقات کا آغاز کیا، شک کی بنیاد پر پولیس نے ملزم کو گرفتار بھی کیا۔
پولیس کے مطابق ملزم مقتولہ کے شوہر کا چچا زاد بھائی ہے جس نے دورانِ حراست اپنے جرم کا اعتراف کیا اور بتایا کہ روبی کے کہنے پر اُس کی ساس کو قتل کیا۔
ملزم نے اعتراف کیا کہ ساس کے قتل پر روبی نے شور مچانا شروع کردیا جس پر اُسے سمجھانے کی کوشش کی مگر وہ نہ مانی تو دھوکا دینے پر اُسے بھی قتل کیا بعد ازاں اُس کے بچوں کو بھی موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پولیس نے نصیر آباد میں ہونے والے تہرے قتل کی واردات کے بعد تینوں لاشوں کو اسپتال منتقل کیا جس کے بعد اُن کا پوسٹ مارٹم کیا گیا، بعد ازاں تینوں جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کیے گئے تھے۔