شادی میں باراتیوں کی جانب سے خوشی میں پیسے لٹائے جانا عام بات ہے تاہم ایک شخص پیسے لوٹنے کے دوران اپنی جان ہی گنوا بیٹھا۔
یہ افسوسناک واقعہ پنجاب کے علاقے وزیر آباد میں پیش آیا جہاں شادی میں باراتیوں کی جانب سے خوشی میں پیسے لٹائے جا رہے تھے اور بچوں کے ساتھ بڑے بھی یہ پیسے لوٹ رہے تھے۔
تاہم پیسے لوٹنے کے چکر میں ایک نوجوان اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اس کی موت شادی ہال کے سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ہوئی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نوجوان پیسے لوٹنے کے لیے ہال سے ملحقہ چھت پر چڑھ رہا تھا۔ سیکیورٹی گارڈز نے منع کیا، تاہم نوجوان کے نہ ماننے پر گارڈ نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں گولی لگنے سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق نوجوان کی شناخت فرخ زیب کے نام سے ہوئی۔ لاش کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملزم سیکیورٹی گارڈ کا نام عالم زیب ہے جو موقع سے فرار ہوگیا ہے تاہم اس کی تلاش جاری ہے۔