کراچی: شہرقائد میں واقع کسٹم ہاؤس میں آتش زدگی کے پراسرار واقعے میں اہم فائلیں اور ریکارڈ رنذرِ آتش ہوگیا‘ فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج بروز پیر کسٹم ہاوس کراچی کے سیکنڈ فلور پر ڈی سی اپریز منٹ ویسٹ کے دفتر میں پرسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی جس سے اہم فائلیں اور ریکارڈ جل گیا۔ یاد رہے کہ چھٹی والے دن کسٹم ہاؤ س میں بیشتر دفاتر بند ہوتے ہیں۔
فائر بریگیڈ کا عملہ اطلاع ملتے ہیں موقعہ پر پہنچ گیا تھا اور آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے سبب اہم ریکارڈ اور فائلیں جل گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کسٹم اپریز منٹ ویسٹ نے گزشتہ دنوں ایک بڑی کارروائی میں کروڑوں روپے مالیت کے اسمگل شدہ موبائل فون اورٹیبلٹ بھی پکڑے تھے‘ جنہیں کاغذات میں ریفریجریٹر پارٹس اور کپڑے ظاہر کر کے اسمگل کیا گیا تھا۔
اسمگل شدہ موبائل فونز کے خلاف بڑی کارروائی کے بعد سے کسٹم کے دو سینئر افسران کو مزید کارروائی سے روکنے کے لیے دباؤ بھی تھا جس کے سبب کارروائی کرنے والی کلکٹر کسٹم شہناز مقبول اور ڈی سی کسٹم عمران رسول کا تبادلہ غیر فعال شعبوں میں کر دیا گیا تھا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ افسران نے اس کیس پر مزید کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہا رکیا تھا جس کے بعد خاتون افسر کا تبادلہ کراچی کے ہی ایک غیر فعال ڈیپارٹمنٹ میں کردیا گیا تھا جبکہ ڈی سی کسٹم کو حیدر آباد ٹرانسفر کیا گیا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں