لاہور : کسٹم حکام نے لاہور ایئرپورٹ پر بینکاک سے آنے والے مسافر سے کروڑوں روپے مالیت کے آئی فونز برآمد کرکے حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق کسٹمز حکام نے لاہور ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے قیمتی موبائل فونز اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
حکام نے بینکاک سے آنے والے مسافر سے کروڑوں روپے مالیت کےقیمتی فون برآمد کرلئے اور لاہور کے رہائشی مسافر ملک شاہد حسین کو حراست میں لیکرمقدمہ درج کرلیا۔
ترجمان کسٹمز کا کہنا تھا کہ پنجاب کےتمام ایئرپورٹس پرسمگلنگ کی روک تھام کاعمل جاری ہے۔
یاد رہے گذشتہ ماہ بھی کسٹمز نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 60 لاکھ روپے مالیت کے قیمتی 62 موبائل فونز کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی تھی۔
کسٹم حکام کے مطابق 4 مسافر غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز ٹی جی 341 سے کراچی پہنچے تھے، جنھیں آئی فونز کی اسمگلنگ پر حراست میں لیا گیا تھا۔
کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ مسافروں سے 62 قیمتی آئی فون اور کٹ برآمد ہوئی، جن کی مالیت 60 لاکھ روپے سے زائد ہے۔