اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

ہاکس بے، کسٹم کی کارروائی، 45 کروڑ روپے کی مالیت کے موبائل فونز اور ٹیبلیٹس برآمد

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : کسٹم اپریزمنٹ ویسٹ نے ہاکس بے پر کارروائی کرتے ہوئے پنتالیس کروڑ روپے کی مالیت کے غیر قانونی طور پر در آمد کیے گئے موبائل فون اور سم والے ٹیبلٹ برآمد کر لیے ہیں.

تفصیلات کے مطابق کسٹم اپریزمنٹ ویسٹ نے خفیہ اطلاع پر کر کارروائی کرتے ہوئے ہاکس بے پر ایک کنٹینر پر چھاپا مار کر موبائل فونز اور ٹیبلیٹ کی اسمگلنگ کو ناکام بنادیا جب کہ کنٹینر ضبط کر کے سامان منگوانے والی کمپنی کے دو عہدیداروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے.

ڈپٹی کلکٹر عمران رسول اپریزمنٹ ویسٹ نے اے آروائی نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہاکس بے میں کی گئی کارروائی کے دوران کنٹینر سے اسمگل شدہ موبائل فونز اور ٹیبلٹ برآمد کر لیے ہیں جنہیں کپڑے اور ریفریجریٹر پارٹس ظاہر کرکے برآمد کیا گیا تھا اور مقامی مارکیٹ میں فروخت کیا جانا تھا.

ڈپٹی کلکٹر عمران رسول نے مزید بتایا کہ تحویل میں لیے گئے سامان کی مالیت 45 کروڑ روپے بنتی ہے جب کہ تحویل میں لیے گئے کنٹینرکی ابھی بمعہ سامان ملک کی کسی ڈرائی پورٹ میں کسٹم چیکنگ کی جانی تھی کہ اس سے قبل ہی اسمگلنگ کا سامان بمعہ ملزمان دھر لیا گیا۔

ملزمان کی گرفتاری اور تفتیش کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ کنٹینر ضبط کرکے کمپنی کے دو اہم عہدیداروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جو غلط بیانی کر کے کپڑے اور ریفریجریٹر کے آلات کی جگہ موبائل فونز اور ٹیبلیٹس منگوایا کرتے تھے.

ڈپٹی کلکٹر عمران رسول نے چھاپا مار کارروائی کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف دھوکہ دہی اور اسمگلنگ کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے.


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں