اسلام آباد: پاکستان کا ہرادارہ جشن آزادی منانے کی تیا ریوں میں مصروف ہے، پاکستان ریلوے نے بھی اس حوالے سے آزادی ٹرین بنالی۔
اسلام آباد میں آزادی ٹرین کا افتتاح کردیا گیا، آزادی ٹرین تین حصوں پر مشتمل ہے جس میں چھ فلوٹس، چھ گیلریز اور چھ آپریشنل بوگیاں شامل ہیں، آزادی ٹرین کے فلوٹس پر چاروں صوبوں کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی ثقافت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
آزادی ٹرین میں دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کی قربانیاں، آزادی کی جدوجہد کے مختلف پہلوؤں اور ملک کی تہذیب و ثقافت کو نمایاں کرنے کے لیے دو کوچز مسلح افواج کے لیے مختص کی گئی ہیں۔
پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کےلیے بنائی گئی ٹرین کے حصے میں پاک فوج کے جوانوں اور اسلحے کی تصاویر کو نمایاں طور پر دکھایا گیا ہے۔
آزادی ٹرین کی افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پر ویز رشید بھی شریک تھے، آزادی ٹرین کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے اسلام آباد میں مقیم ستر غیرملکی سفیروں کو بھی دعوت دی گئی جو یوم آزادی کی تقریبات کاحصہ ہیں۔
ٹرین کا سفر جمعے کو پشاور سے شروع ہوگا جو اگلے ماہ کی پانچ تاریخ کو کراچی پہنچے گی، آزادی ٹرین اگلے مہینے کی تیرہ تاریخ کو گولڑہ ریلوے اسٹیشن پر پہنچ کر اپنا سفر ختم کرے گی۔