لاہور : دبئی سے ڈیڑھ کلو سے زائد سونا اور قیمتی آئی فونز پاکستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کسٹم حکام نے لاہور ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے دبئی سے ڈیڑھ کلو سے زائد سونا اور قیمتی آئی فونز پاکستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
کسٹم حکام نے بتایا کہ مسافر آصف شہزاد نجی ایئر لائن کی پرواز پی اے 417 سے دبئی سے لاہور پہنچا تھا ، مسافر سے 1 کلو 628 گرام سونے کے زیورات، 6 ڈائمنڈ پیسز اور 5 قیمتی موبائل برآمد ہوئے۔
حکام کا کہنا تھا کہ مسافر نے کپڑوں میں زیورات چھپائے ہوئے تھے، کسٹم ایکٹ کےتحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : ملکی تاریخ کی سب سے بڑی سونا اسمگلنگ کی کوشش ناکام
یاد رہے رواں سال اپریل میں ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 34کروڑ روپے مالیت کا سونا دبئی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی تھی۔
برآمد ہونے والے سونے میں مختلف وزن کی 10 اینٹیں شامل تھیں ، ملزم تمام سیکیورٹی چیک عبور کرتا ہوا ایئرلائن کے کاونٹر پر سامان جمع کرنے میں کامیاب ہوگیا تھا، ملزم محمد تنویر غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز سے دبئی جا نا چاہتاتھا۔