ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

گزشتہ روز ٹریفک حادثے میں جاں بحق شہری کسٹم افسر نکلے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: گزشتہ روز کراچی میں سپر ہائی وے اسکیم 33 کے قریب ٹریفک حادثے میں جاں بحق شہری کسٹم پریونٹو افسر نکلے، کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ متوفی رانا مدثر کسٹم کے لیگل ڈویژن میں تعینات تھے۔

تفصیلات کے مطابق کسٹم حکام نے کہا ہے کہ سپر ہائی وے اسکیم 33 کے قریب حیدر آباد سے کراچی آتے ہوئے رانا مدثر کی گاڑی کو ڈمپر نے کچل دیا تھا، حادثے میں رانا مدثر کے سر پر گہری چوٹ آئی تھی، جس پر انھیں نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔

گزشتہ روز رانا مدثر کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کیا گیا، رانا مدثر کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے، جس میں کسٹم افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کسٹم حکام کے مطابق رانا مدثر کا آبائی تعلق ملتان سے تھا، ان کی لاش آبائی علاقے روانہ کر دی گئی ہے۔


سواری کے انتظار میں کھڑے رکشے پر تیز رفتار ٹریلر چڑھ دوڑا، ڈرائیور جاں بحق


واضح رہے کہ کراچی میں ہیوی گاڑیوں کے حادثات نہیں رک سکے ہیں، سپر ہائی وے بس ٹرمنل کے قریب ایک تیز رفتار ٹریلر نے سواری کے انتظار میں کھڑے رکشے کو کچل دیا جس سے رکشہ ڈرائیور جاں بحق ہو گیا، متوفی رکشہ ڈرائیور کی شناخت قطب الدین کے نام سے ہوئی ہے۔

گزشتہ روز بھی ایک اور افسوس ناک حادثے میں ایک خاندان کی زندگی کا چراغ گل ہو گیا تھا، یہ واقعہ سرجانی ٹاؤن میں ناردرن بائی پاس پر پیش آیا تھا، جس میں ایک ڈمپر نے کار کو ٹکر مار دی تھی۔ ریسکیو حکام کے مطابق اس حادثے میں کار سوار باپ بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے تھے، جاں بحق افراد منگھوپیر کے علاقے گل محمد قلندرانی گوٹھ کے رہائشی تھے۔

9 مئی کو بھی کراچی میں ہیوی ٹریفک نے ایک فیملی کو اجاڑ دیا تھا، جب ایک ٹرک نے موٹر سائیکل سوار باپ بیٹے کو کچل دیا تھا۔ یہ حادثہ اورنگی 15 نمبر میں تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے پیش آیا تھا۔

اہم ترین

افضل خان
افضل خان
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں