کسٹم آفیسر نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیلنگ فین میں چھپائے گئے سونے کو ڈھونڈ نکالا، ملائیشیا سے آنے والی شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔
بھارتی شہر حیدرآباد میں کسٹم حکام نے سونا اسمگل کرنے کی انوکھی واردات ناکام بنا دی۔ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر مشکوک شخص کے سامان کی تلاشی لی گئی تو پتا چلا کہ اس نے بڑی مہارت سے چھت پر لگنے والے پنکھے میں سونا چھپایا ہوا ہے۔
حکام نے بتایا کہ مسافر کوالالمپور سے حیدرآباد پہنچا تھا۔ سامان کی تلاشی کے دوران جو سونا دریافت کیا گیا اس کی مالیت بھارتی روپے میں 38 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے جب کہ 636 گرام سونا ضبط کیا گیا ہےْ
اس کے علاوہ ایک مسافر کی جانب سے پینٹ میں سونا چھپا کرلایا گیا تھا تلاشی کے بعد کسٹم حکام نے یہ سونا بھی ضبط کرلیا ہے۔
مذکورہ مسافر سعودی شہر ریاض سے حیدرآباد آیا تھا۔ ضبط کیے گئے سونے کی مالیت 35 لاکھ روپے سے زائد جب کہ سونے کا وزن 582 گرام کے قریب ہے جو کہ مسافر نے پینٹ میں چھپایا تھا۔