تازہ ترین

عمرہ زائرین کی آڑ میں کروڑوں روپے مالیت کے آئی فون اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

کراچی: عمرہ زائرین کی آڑ میں کسٹم حکام نے کروڑوں روپے مالیت کے آئی فون اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی، موبائل فونز کی مالیت 2 کروڑ 76 لاکھ ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کے فون کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

مسافروں کا ایک گروپ عمرہ کی ادائیگی کے بعد غیر ملکی ائیر لائن کی پرواز EK 602 کے ذریعے براستہ دبئی کراچی پہنچا تھا ، کسٹم نے شک کی بناء پر گروپ کو روکا اور ان افراد کے سامان کی کسٹم اسٹاف نے اسکینگ کی تو ان عمرہ زائرین کے سامان میں موبائل فونز کے خالی ڈبوں کی نشاندہی ھوئی۔

جس پر حکام نے مذکورہ مسافروں سے موبائل فونز کے بارے میں دریافت کیا تو انہوں نے غیر تسلی بخش جوابات دیے جس کی وجہ سے ان مسافروں کی جامہ تلاشی لی گئی تو ان مسافروں کے زیب تن/ زیر جامہ کپڑوں(جسم) سے51 عدد قیمتی آئی فون برآمد ہوئے۔

حکام کا کہنا تھا کہ عمرہ زائرین کے گروپ بچے اور خواتین بھی شامل تھیں، موبائل فونز کی مالیت 1 کروڑ چھیاسی لاکھ روپے ہے، جس پر مروجہ قانون کے تحت 88 لاکھ روپے ڈیوٹی/ ٹیکسز کی مد میں قابل ادا ہیں۔

برآمد ہونے والے موبائل فونز کی مجموعی مالیت 2 کروڑ 76 لاکھ ہے تاہم ملزمان کے خلاف کسٹم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے 3 افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

حکومت پاکستان/ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی اسمگلنگ کی تدارک کے لئے جاری خصوصی احکامات اور ہدایات کی روشنی میں کلکٹر کسٹمز ایئرپورٹ شفیق احمد لاٹکی صاحب نے ان احکامات اور ہدایات پر بھرپور عمل درآمد کے لئے ایڈیشنل کلکٹر ایئرپورٹ محترمہ زھرہ طاھر نقوی صاحبہ اور اسسٹنٹ کلکٹر ایئرپورٹ وقار حیدر کو بیرون ملک سے آنے اور جانے والے مسافروں کی آڑ میں اسمگلنگ کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے آرایول اور ڈپارچر پر تعینات افسران کو پہلے سے زیادہ مستعد اور متحرک رکھنے اور تمام میسر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ملکی معیشت کو اسمگلنگ کے ذریعہ نقصان پہنچانے والے عناصر کی کسی بھی کوشش کی بیخ کنی کی ھدایات جاری کیں۔

اسمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کے نتیجے میں موبائل فونز عمرہ زائرین کے ذریعہ اسمگلڈ کرنے کی کوششوں کی اطلاعات ہیں کہ اسمگلرز نے موبائل فونز کو اسمگلڈ کرنے کے لئے سادہ لوح مسافروں اور عمرہ زائرین کو پاکستان آنے والی فلائٹس پر سستے ٹکٹ اور پیسوں کا لالچ دے کر 01 سے 10 تک I Phone لانے کی ترغیب دی ہے کیونکہ عمرہ کی ادائیگی کے بعد پاکستان واپس آنے والے زائرین کو انتہائی احترام دیا جاتا ہے اور ان زائرین کی آسان سہل اسپیڈی کلیئرنس کی جاتی ہے اور ان کے ہمراہ سامان پر کسی قسم کا شک نہیں کیا جاتا ہے۔

کلکٹر کسٹمز جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی شفیق احمد لاٹکی نے عمرہ زائرین اور عام سادہ لوح مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ پاکستان واپسی پر کسی بھی غیر متعلقہ شخص کی کوئی بھی چیز خصوصی طور پر موبائل فونز اپنے پاس نہ رکھیں تاکہ وہ کسی بھی قسم کی قانونی کارراوائی/ پریشانی سے محفوظ رہ سکیں۔

Comments

- Advertisement -
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں