کوئٹہ : کسٹمز حکام نے زیارت روڈ پر خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی سامان کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔
تفصیلات کے مطابق کسٹمز انٹیلی جنس کو خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ کوئٹہ کے زیارت روڈ پر غیر ملکی سامان اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس پر کسٹم حکام نے فوری ایکشن لیا اور اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی۔
ڈائریکٹر کسٹمزانٹیلی جنس محمد اسماعیل کا کہنا ہے کہ ملزمان نے سامان دو ٹرکوں میں پیاز کی بوریوں کے نیچے چھپایا ہوا تھا، جس میں کپڑا، چھالیہ، بھارتی پان پراگ شامل تھی۔
ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سگریٹ اور دیگر سامان ٹرکوں سے برآمد ہوا ہے۔
محمد اسماعیل نے کہا کہ غیر ملکی سامان کی اسمگلنگ کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، جس کے بعد غیرملکی سامان کے مالک نے کسٹم انسپکٹر کے گھر پر حملہ کردیا۔
پولیس نے کسٹم انسپکٹر کے گھر پر حملہ کرنے والے شخس کو گرفتار کرکے کسٹمز حکام کے حوالے کردیا۔
ڈائریکٹر کسٹمز کا کہنا ہے کہ زیارت روڈ سے برآمد ہونے والے غیر ملکی سامان کی مالیت 8 کروڑ روپے سے زائد ہے۔