پشاور: خیبرپختونخوا میں وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) کی سائبر کرائم ونگ نے اہم کارروائی کرتے ہوئے جعل سازی میں ملوث شخص کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبرکرائم نے یہ کارروائی پشاور کے علاقے حیات آباد میں کی، اس دوران ایک ملزم گرفتار ہوا جبکہ دیگر دو کے خلاف ایف آئی آر درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان ویب سائٹ کے ذریعے رقم ہتھیانے میں ملوث ہیں۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے نے بتایا کہ کارروائی شہری کی شکایت پر عمل میں لائی گئی، شہری نے ویب سائٹ پر 63لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی، شہری کو ماہانہ15 ہزار روپے منافع بھی دیا جاتا رہا۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی کارروائی،خاتون کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار
خیال رہے کہ رواں سال جولائی میں ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے خاتون کو بلیک میل، ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کیا تھا۔ ملزم طاہر کے خلاف متاثرہ خاتون نے ایف آئی اے کو درخواست دی تھی۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا تھا کہ ملزم خود کو این جی او کا نمائندہ ظاہر کر کے نوکری کا جھانسہ دیتا تھا۔ ملزم نے خاتون سے شادی کا وعدہ کیا اور غیر اخلاقی ویڈیوز بنائیں۔