کراچی: ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کے عملے نے کیٹی بندر اور شاہ بندر کے نواحی علاقوں میں ریسکیو آپریشن کیا اور سمندری طوفان سے متاثرہ علاقے میں لوگوں کی مدد کی۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ نے کہا ہے کہ سپرسائیکلون کیار کے باعث تین سو مکانات متاثر ہوئے، جس کے باعث پاک بحریہ کے عملے نے کیٹی بندر اور شاہ بندر کے نواحی علاقوں میں ریسکیو آپریشن کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ریسکیو آپریشن کے دوران متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، متاثرہ عوام کو بنیادی طبی امداد اور دیگر اشیائے ضروری فراہم کی گئیں۔
’پاک بحریہ نے سمندری کٹاوُ روکنے کے لیے بند کی دوبارہ تعمیر میں مدد بھی کی، جبکہ سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے‘۔
خیال رہے کہ گوادر کے ساحلی بستی گنز میں بے قابو سمندری لہروں نے تباہی مچا دی ہے، بستی میں سمندر کی بے قابو لہریں داخل ہوچکی ہیں اور درجنوں گھروں کو ڈبو دیا ہے۔
سپرسائیکلون’کیار‘کی شدت میں کمی ، کراچی میں کل رات اور پرسوں ہلکی بارش کا امکان
کئی مکانات اور دیواریں منہدم جبکہ گھروں کے مکین سخت مشکلات اور خوف کا شکار ہیں، اور رات کے اوقات میں مزید پانی آنے کی ڈر سے قریبی پہاڑی پر پناہ لینے پر مجبور ہیں۔
دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ سپرسائیکلون کی شدت میں بتدریج کم ہورہی ہے۔