کراچی : محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کہا کہ ساحل سے قریب ہوتے ہوئے سمندری طوفان کا رخ کراچی کی طرف بھی ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سمندری طوفان اسنی اس وقت کراچی سے 200 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہیں، طوفان کے زیر اثر آج شہرمیں تیز ہواؤں کےساتھ بارش ہوگی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے طوفان سے کراچی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے تاہم ساحل سے قریب ہوتے ہوئے طوفان کا رخ کراچی کی طرف بھی ہوسکتا ہے۔
سمندری طوفان ٹھٹھہ کے جنوب مغرب میں ایک سو اسّی کلو میٹر فاصلے پر ہے، جس کے باعث بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد اور ٹنڈومحمدخان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ٹنڈو الہ یار،مٹیاری، جامشورو اوردادو میں آج بھی تیز بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
خیال رہے کراچی میں سمندری طوفان اسنیٰ کے زیر اثر مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں معتدل بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
صدر، کلفٹن، شارع فیصل، گلبرگ، میٹروول سائٹ ایریا، بلدیہ، ملیر، ایئرپورٹ، قائدآباد اور اطراف میں بارش وقفے وقفے سے جاری ہے۔
مون سون کےطاقتوراسپیل کےتحت شہر میں آج بھی گرچ چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔