نیویارک: ایک امریکی باپ کی سنگین غلطی نے گیارہ ماہ کے جڑواں بچوں کی جان لے لی، پولیس نے بچوں کے قتل کے الزام میں باپ کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق نیویارک میں ایک باپ اپنے بچوں کو کار کے اندر بھول گیا، گیارہ ماہ کے جڑواں بچوں کو گاڑی میں بھولنے کی فاش غلطی نے بچوں کی جان لے لی۔
پولیس کے مطابق بچوں کے انتالیس سالہ باپ جوآن روڈرگز نے شیرخوار بچوں کو گاڑی میں چھوڑ کر آٹھ گھنٹے تک پلٹ کر خبر نہیں لی۔
اس دوران جڑواں شیر خوار بچے حبس اور گرمی کے باعث جاں بحق ہو گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ شیر خوار لڑکا اور لڑکی گاڑی میں بے حس و حرکت پائے گئے تھے۔
پولیس نے بچوں کے باپ کو غیر ارادی قتل اور مجرمانہ غفلت کے باعث قتل کے الزامات میں گرفتار کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چار جڑواں فلسطینی بہنوں کی میٹرک کے امتحان میں شاندار کامیابی
بتایا گیا کہ جب گزشتہ روز جڑواں بچے کار میں تھے تو والد قریبی اسپتال میں کام پر تھا، جمعے کے روز گرمی زوروں پر تھی۔ مرنے والے بچوں کے نام میریزا اور فینکس روڈرگز بتائے گئے۔
پانچ بچوں کے باپ کے بارے میں پڑوسیوں اور دوستوں کا کہنا تھا کہ وہ ایک اچھا باپ ہے، ہمیشہ بچوں کا خیال رکھا۔ رپورٹس کے مطابق جب بچوں کے والد کام سے واپسی پر گاڑی کے پاس آئے اور بچوں کو بے حس و حرکت دیکھا تو بدحواس ہو کر چیخنے لگے۔
بتایا گیا کہ جب ایمرجنسی میڈیکل سروسز والے پہنچے تو بچے کے منہ سے جھاگ نکل رہی تھی، انھوں نے بچوں کو موقع ہی پر مردہ قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ بعض اوقات سنگین غلطی ایک ہی بار کی جاتی ہے لیکن باقی ساری زندگی اسی غلطی کے درد کے ساتھ جینا پڑتا ہے۔