لندن: برطانیہ میں پہلی بار چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے ایک لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، جس کا ثبوت گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہونے والے ٹیسٹ کے نتائج سے سامنے آیا۔
برطانیہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پہلی بار 1 لاکھ 6 ہزار 122 کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے، یہ اب تک کا بلند ترین گراف ہیں کیونکہ اس سے قبل سب سے زیادہ 93 ہزار 45 کیسز 17 دسمبر کو رپورٹ ہوئے تھے۔
دوسری جانب برطانیہ میں کرونا کی نئی لہر اور اومی کرون خدشے کے پیش نظر شہریوں کی ویکسی نیشن اور بوسٹر ڈوز کے حوالے سے بھی بڑے پیمانے پر اقدامات کیے جارہے ہیں۔
ایک روز قبل منگل تک کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک 3 کروڑ 8 لاکھ شہریوں کو کرونا ویکسین لگائی گئی جبکہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 61 لاکھ شہریوں کو کرونا سے بچاؤ کی ویکسین دی گئی۔
برطانوی وزیراعظم نے ایک روز قبل کرونا کی تیزی سے بگڑتی صورت حال اور ریکارڈ کیسز رپورٹ ہونے کے بعد انگلینڈ میں کرسمس سے قبل مختلف پابندیاں عائد کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔
نیشنل ہیلتھ ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 28 دنوں میں کرونا کیسز سے 140 مریضوں کی اموات ہوئیں، جو گزشتہ برس مئی اور جون سے زیادہ ہیں۔