کراچی : کمشنر کراچی اعجاز احمد نے کہا ہے کہ شہر میں دودھ غیر سر کاری نرخ پر فروخت ہو رہا ہے، دودھ کی نئی قیمت کا نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے ڈیری فارمرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، کمشنر کراچی سے ڈیری فارمرز کے نمائندوں نے ملاقات میں دودھ کے نئے نرخ کے حوالے سے بات چیت کی۔
ملاقات میں کمشنر کراچی نے دو ٹوک مؤقف اپناتے ہوئے ڈیری فارمرز کو سرکاری نرخ پر دودھ فروخت کرنے کی ہدایت کی جس پر ڈیری فارمرز نمائندوں نے بھی سرکاری نرخ پر دودھ فروخت کرنے سےانکار کردیا۔
کمشنرکراچی نے کہا کہ شہر میں پہلے ہی دودھ غیرسرکاری نرخ پر فروخت ہو رہا ہے اور سرکاری نرخ کی فروخت تک ڈیری فارمرز سے کوئی بات چیت نہیں ہو گی۔
مزید پڑھیں : ڈیری فارمرزکا دودھ کی قیمت میں من مانا اضافہ، کمشنرخاموش
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ڈیری فارمرز نے دودھ کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے کا من مانا اضافہ کردیا تھا، ریٹیل مارکیٹ میں دودھ 4 سے 6 روپے فی لیٹر اضافہ کے ساتھ شہرمیں فی لیٹردودھ 84 سے بڑھا 90 روپے میں فروخت کیا جانے لگا۔