قبرص کے ایک رقاص نے سر پر شیشے کے 468 گلاس رکھ کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، انہوں نے 319 گلاس کے گزشتہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق قبرص کے رقاص ڈینوس کانتیس نے ایک بار پھر اپنا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز میں درج کروا لیا ہے۔ اس بار انہوں نے سر پر حیران کن طور پر 468 شیشے کے گلاس رکھ کر رقص پیش کیا۔ یہ مظاہرہ ارادیپو میونسپلٹی کے زیرِ اہتمام ایک تقریب میں کیا گیا۔
ڈینوس کانتیس، جو روایتی "گلاس ڈانس” میں مہارت رکھتے ہیں، نے 319 شیشوں کے گلاس کے پچھلے ریکارڈ کو توڑ دیا، جو پہلے ارسطو ویلاوریتیس کے پاس تھا۔ یہ شاندار مظاہرہ ایسٹر کے موقع پر ایک روایتی تقریب کے دوران پیش کیا گیا۔
ان کا یہ کمال دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ تقریب میں جمع ہوئے تھے، یاد رہے کہ اس کارنامے کے لیے بے پناہ توازن، توجہ اور مہارت اور مستقل مزاجی کی ضرورت ہوتی ہے۔
سر پر گلاس رکھنے کے کامیاب مظاہرے کے بعد ڈینوس کانتیس کی اسا کارکردگی کو خوب سراہا گیا اور انتظامیہ کی جانب سے اس کارکردگی کو گنیز ورلڈ ریکارڈز میں باضابطہ اندراج کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔