منگل, مئی 6, 2025
اشتہار

بالوں سے خشکی کیوں نہیں جاتی؟ اصل وجہ سامنے آگئی

اشتہار

حیرت انگیز

گرمی کے موسم میں پسینے کے باعث سر میں خشکی یعنی ڈینڈرف ہوجانا عام سی بات ہے لیکن یہ صورتحال اس وقت تشویشناک ہوجاتی ہے جب یہ پریشانی مستقل طور پر ہوجائے۔

سر میں مسلسل کھجلی ہونا، سفید پپڑی گرنا اور جلد کا خشک ہوجانا اس کی اہم علامات ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ صرف موسم یا گندگی ہی نہیں جسم میں زنک کی کمی بھی ڈینڈرف کی بڑی وجہ بن سکتی ہے۔

جی ہاں ! اس حوالے سے ایک سینئر ڈرمیٹالوجسٹ ڈاکٹر نیہا سود کا کہنا ہے کہ ڈینڈرف صرف کھوپڑی پر فنگل انفیکشن کا نتیجہ نہیں ہے، یہ ہمارے جسم میں غذائی اجزاء کی کمی اور دیگر وجوہات کی وجہ سے بھی ہوسکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سر میں خشکی ہونے کی بہت سی وجوہات ہیں۔ جیسے کہ جسم میں وٹامن بی (خاص طور پر بی2، بی6 اور بی12) اور اومیگا 3 فیٹی ایسڈز کی کمی جلد اور کھوپڑی کی صحت کو متاثر کرتی ہے۔

یہ عناصر کھوپڑی کو ہائیڈریٹڈ اور صحت مند رکھنے میں مدد دیتے ہیں لیکن ان کی کمی کی وجہ سے سر کی جلد خشک اور پھٹی ہوئی ہو جاتی ہے جس سے خشکی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

ماہر صحت نے بتایا کہ زنک ایک ضروری معدنیات ہے جو ہماری جلد، بالوں اور ناخنوں کی صحت کے لیے بہت ضروری ہے۔ یہ جسم میں خلیوں کی مرمت، سوزش کو کنٹرول کرنے اور کھوپڑی کے تیل کی پیداوار کو متوازن کرنے میں مدد کرتا ہے۔

جب جسم میں زنک کی مقدار کم ہو جاتی ہے تو سر کی جلد کمزور پڑنے لگتی ہے جس کی وجہ سے مردہ خلیے زیادہ مقدار میں گرنے لگتے ہیں اور مردہ جلد خشکی کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔

ان کاکہنا ہے کہ اگر خشکی بار بار ہو رہی ہے توخوراک میں تبدیلی کرکے زنک کی کمی کو دور کیا جاسکتا ہے۔ کدو کے بیج، دودھ اور دودھ کی مصنوعات زنک حاصل کرنے کے اچھے ذرائع ہیں۔

اس کے علاوہ خشکی کی تکلیف اور پریشانی سے نجات کے لیے چند سادہ مگر دلچسپ ٹوٹکے بہت مددگار ثابت ہوسکتے ہیں جن کا ذکر مندرجہ ذیل سطور میں کیا جارہا ہے۔

اسپرین

اسپرین ایسے اجزاء(سیلی کائی لیک ایسڈ) سے بھرپور دوا ہے،اسپرین کی 2 گولیوں کو پیس کر سفوف کی شکل دیں اور سر پر لگانے کے لیے جتنا شیمپو لیتے ہیں اس میں شامل کرلیں، اس مکسچر کو اپنے بالوں پر ایک سے دو منٹ تک لگا رہنے دیں اور پھر اچھی طرح دھولیں، اس کے بعد پھر سادہ شیمپو سے سر کو دھوئیں آپ اس کا اثر دیکھ حیران رہ جائیں گے۔

کھانے کا سوڈا

اپنے بالوں کو گیلا کریں اور پھر اس میں مٹھی بھر کر کھانے کا سوڈا زور سے رگڑیں، شیمپو کو چھوڑ کر بالوں کو دھولیں۔ یہ سوڈا خشکی کا باعث بننے والے عناصر کو متحرک ہونے سے روکتا ہے۔

سیب کا سرکہ

بالوں کے ماہرین کا دعویٰ ہے کہ سیب کے عراق کا سرکہ سر کی خشکی کا بہترین حل ہے۔ ایک چوتھائی کپ سرکے کو چوتھائی کپ پانی سے بھری اسپرے بوتل میں شامل کریں اور اپنے سر پر چھڑکاﺅں کریں۔ اپنے سر پر تولیہ لپیٹ لیں اور پندرہ منٹ سے ایک گھنٹے تک آرام سے بیٹھ جائیں جس کے بعد سر کو معمول کے مطابق دھولیں۔

ناریل کا تیل

ناریل کا تیل خشکی کا آزمودہ اور مؤثر علاج ثابت ہوتا ہے جبکہ اس کی مہک بھی مزاج پر ناگوار بھی گزرتی ہے۔ نہانے سے پہلے تین سے پانچ چائے کے چمچ ناریل کے تیل سے سر کی مالش کریں اور ایک گھنٹے تک لگا رہنے دیں پھر شیمپو سے دھولیں۔

لیموں

خشکی سے نجات پانے کے لیے دو چائے کے چمچ لیموں کے عرق یا جوس کی مالش اپنے سر پر کریں اور پانی سے دھولیں۔ اس کے بعد ایک چائے کا چمچ لیموں کا جوس ایک کپ پانی میں ملائیں اور اپنے سر کو اس سے بھگولیں۔ اس طریقہ کار کو روزانہ اس وقت استعمال کریں جب تک خشکی کا خاتمہ نہ ہوجائے۔

نمک

شیمپو سے پہلے عام نمک کو سر پر رگڑنا یا مالش خشکی کا خاتمہ کرنے میں زبردست کردار ادا کرسکتا ہے۔ نمک اپنے سر پر چھڑکیں اور پھر اسے بالوں میں پھیلالیں جس کے بعد کچھ دیر مالش کریں۔ کچھ دیر بعد سر کو شیمپو سے دھو کر حیرت انگیز اثر محسوس کریں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ : مندرجہ بالا تحریر معالج کی عمومی رائے پر مبنی ہے، کسی بھی نسخے یا دوا کو ایک مستند معالج کے مشورے کا متبادل نہ سمجھا جائے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں