تازہ ترین

بالوں کی خشکی دور کرنے کیلئے سب سے آسان گھریلو اور بہترین نسخہ

سر میں خشکی مرد و خواتین دونوں میں عام ہے، یہ تکلیف کا باعث تب بنتی ہے جب اس کی وجہ سے سر میں بار بار خارش ہوتی ہے اور کسی محفل میں  یہ شرمندگی کا باعث بنتی ہے۔

سر میں خُشکی کی سب سے بڑی وجہ شیمپو کا زیادہ استعمال ہے، شیمپو میں پائے جانے والے کیمیکلز ہماری جلد کے لیے نقصان دہ ہوتے ہیں، اِس کے علاوہ ہر وقت سر کو ڈھانپ کر رکھنے سے خُشکی ہوتی ہے۔

خشکی سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے بازاروں میں کئی طرح کی مہنگی پروڈکٹس دستیاب ہیں جن کے بنانے والے سر سے خشکی کا مکمل خاتمہ کرنے کا دعویٰ کرتے نظر آتے ہیں۔

ان مہنگی اشیاء سے خشکی کا خاتمہ تو دور کی بات ان میں شامل کیمیکلز بالوں کے لیے نہایت نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں جن کی وجہ سے بالوں کے گرنے اور بے جان ہونے کی شکایت پیدا ہوجاتی ہے۔

البتہ خشکی سے متاثرہ لوگ کیمیکلز والی مہنگی پروڈکٹس استعمال کرنے کے بجائے یہ چند گھریلو اور سادہ نسخے استعمال کرکے دیکھیں تو ہمیں یقین ہے کہ یہ نسخے خشکی ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں معروف ہربلسٹ فرح محمد نے بالوں میں خشکی سے نجات کیلئے بہت آسان اور سستا طریقہ بتایا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ طریقہ پہلے دیگر کئی نسخوں سے الگ اور مؤثر ہے، اس کے اجزاء میں برگد کے پتوں کا پاؤڈر، میتھی دانے کا پاؤڈر، گندم کی بھوسی اور زیتون کا تیل شامل ہیں۔

ان تمام اشیاء کو ایک ایک چمچ لے کر پیسٹ بنانا ہے لیکن یہ زیادہ گاڑھا نہ ہو، اور اسے اپنے بالوں میں لگانا ہے، ایک گھنٹے بعد بالوں کو سادہ پانی سے دھولیں۔

ہربلسٹ فرح محمد نے بتایا کہ اس کے بعد آپ چاہیں تو اپنے پسندیدہ شیمپو سے بالوں کو دھولیں، میرا ماننا ہے کہ اس نسخے سے آپ کی 60سے 70فیصد تک خشکی ختم ہوجائے گی۔

Comments

- Advertisement -