کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے سابق کرکٹر دانش کنیریا کی ڈومسیٹک اور لیگ کرکٹ کھیلنے کی اجازت سے متعلق درخواست مسترد کردی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق گیند باز دانش کنیریا کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں ڈومسیٹک اور لیگ کرکٹ کھیلنے اجازت کےلیے درخواست دی گئی تھی جس پر چیف جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔
کیس کی سماعت کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دانش کنیریا پر انگلش کاؤنٹی کلب نے تاحیات پابندی لگائی ہے جس کے بعد اسپاٹ فکسنگ کیس میں برطانوی عدالت نے بھی کرکٹر کی اپیل مسترد کی تھی۔
واضح رہے کہ سابق گیند باز دانش کنیریا نے گزشتہ برس دسمبر میں پی سی بی کے بحالی پروگرام میں شمولیت کی اجازت دینے کی استدعا کی تھی۔
عدالت میں دائر درخواست میں دینش کنیریا نے موقف اپنایا تھا کہ کرکٹ ہی میرا سب کچھ ہے کوئی دوسرا روزگار نہیں، کرپٹ ترین دیگر کھلاڑیوں کو بحالی پروگرام کا حصہ بنایا جا رہا ہے دیگر کو دوسرا موقع جبکہ مجھے نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
دینش کنیریا کا کہنا تھا کہ پی سی بی میرا موقف آئی سی سی میں پیش کرے، ڈومیسٹک اور قومی کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں پی سی بی کو ڈومیسٹک کرکٹ اور کرکٹ کی اجازت دینے کا حکم دیا جائے۔