کراچی : کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی )کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے کالعدم تنظیم کے خطرناک دہشت گرد نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی ٹی ڈی کےہاتھوں گرفتار دہشت گرد سرکش عرف سنی نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اس نے رینجرز اور پولیس سمیت دیگر پر کیے جانے والے حملوں میں ایس آر اے کی معاونت کی تھی۔
گرفتار ملزم نے بتایا کہ دستی بم حملے اندرون سندھ اور کراچی میں کرنے کے احکامات اصغر شاہ سے ملا کرتے تھے، احکامات ملنے کے بعد ساتھیوں کے ہمراہ مطلوبہ لوگوں کی ریکی کی اور ٹارگٹ میپ تیار کیے۔
ملزم نے اپنے اعترافی بیان میں کہا کہ میں نے افغانستان اور بلوچستان میں لڑنے اور جدید اسلحے کے استعمال کی باقاعدہ تربیت حاصل کی ہے، سندھ اور کراچی سے تعلق رکھنے والے 12 سے زائد ساتھی کالعدم تنظیم کے لیے کام کرچکے ہیں۔
ملزم کا کہنا ہے کہ چار ساتھیوں کو سی ٹی ڈی پہلے ہی گرفتار کرچکی ہے، ہم نے مختلف مقامات پر تعینات پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں پر دستی بم حملے کئے تھے، اس کے علاوہ میں کم عمر لڑکوں کا برین واش کرکے بلوچستان تربیت کے لیے بھیجتا تھا۔
ملزم سرکش عرف سنی نے انکشاف کیا کہ کالعدم تنظیم کا سوشل میڈیا ونگ بھی بہت فعال ہے، ان کو جو بھی ملک مخالف مواد دیاجاتا ہے وہ اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیا کرتے تھے۔