پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

عمران خان فارن فنڈنگ میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، دانیال عزیز

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عمران خان آپ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں، الیکشن کمیشن سے معافی مانگیں، آپ کو پکڑ کر عدالت میں لائیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ کی ہے،اس کے ثبوت موجود ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، دانیال عزیز نے کہا کہ غیرملکی فنڈنگ کا کیس ن لیگ نے فائل نہیں کرایا، گھر کے بھیدی نے ان کی لنکا ڈھائی ہے، الیکشن کمیشن میں یہ رپورٹ پی ٹی آئی نے خود جمع کرائی تھی۔

عمران خان نے تسلیم کیا ہے کہ ہنڈی کے ذریعے دبئی سے پیسے منگوائے تھے، عمران خان فنڈنگ سے متعلق وضاحت پیش کیوں نہیں کرتے؟ دانیال عزیز نے کہا کہ خان صاحب کی اصل شکل قوم کے سامنے پیش کرنے کے لئے ن لیگ پریس کانفرنس کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاست دان نے کبھی بھی نواز لیگ پر قومی ادارے تباہ کرنے کا الزام عائد نہیں کیا، عمران خان نے تمام سیاسی جماعتوں پر تہمتیں لگائی ہیں اب وہ خود رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں اور واویلا مچانا شروع کردیا ہے۔

دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ ایک طرف عمران خان کہتے ہیں کہ ہمیں فعال الیکشن کمیشن چاہئے، عارف علوی کہتے پھرتے تھے کہ چوری نہیں کی تو تلاشی دے دیں، عارف علوی اب الیکشن کمیشن کے سامنے تلاشی کیوں نہیں دیتے؟

فعال الیکشن کمیشن کا مطالبہ کرنے والے اب اس سے بھاگ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان اب آپ پکڑے گئے ہیں آکر جواب دیں، اب آپ کو پکڑ کر عدالت میں لائیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں