واشنگٹن : امریکہ کی معاون نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے کہا ہے کہ ڈینئل پرل کے اغواء اور قتل کے ذمہ داروں سے مکمل انصاف ہونا چاہیے، حکومت پاکستان کی اپیل کرنے کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کیا، ڈینئیل پرل کیس کے فیصلے کے حوالے سے اپنے رد عمل میں انہوں نے کہا کہ امریکی صحافی ڈینیل پرل قتل کیس کا فیصلہ دہشت گردی کا شکار افراد کی توہین ہے۔
ڈینیل پرل کے اغوا اور ان کے قتل کے ذمہ داروں سے مکمل انصاف ہونا چاہیے، ایلس ویلز نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے خلاف حکومت پاکستان کی اپیل کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہیں۔
The overturning of the convictions for Daniel Pearl’s murder is an affront to victims of terrorism everywhere. We welcome Pakistan’s decision to appeal the verdict. Those responsible for Daniel's heinous kidnapping and murder must face the full measure of justice. AGW
— State_SCA (@State_SCA) April 2, 2020
واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے امریکی صحافی ڈینئیل پرل کے قتل کے مجرم برطانوی شہری احمد عمر شیخ کی سزائے موت کو 7 سال قید میں تبدیل کردیا ہے۔
جسٹس کے کے آغا اور جسٹس ذوالفقار سانگی پر مشتمل سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے ڈینیل پرل قتل کے ملزمان کی سزا کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ سنایا۔
بعد ازاں حکومت سندھ نے امریکی صحافی ڈینیل پرل قتل کیس میں رہائی پانے والے تین ملزمان کو تین ماہ کے لیے حراست میں لے لیاہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے ڈینیل پرل کیس میں رہائی پانے والے ملزمان کی ایم پی او 1960سیکشن 3(1) کے تحت تین ماہ کی حراست کے احکامات جاری کیے تھے۔