منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

دانش عزیز نے کمال کر دیا، سب حیران

اشتہار

حیرت انگیز

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے اہم لیگ میچ میں دانش عزیز نے ناقابل شکست 72 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر سندھ کو یقینی شکست سے بچالیا۔

چوبیس سالہ بیٹسمین نے آخری گیند پر دلکش چھکا لگا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئےمیچ میں سندھ کو جیت کے لیے میچ کے آخری اوور میں 19 رنز درکار تھے کہ دانش عزیز نے افتخار احمد کو 2 چھکے اور 2 چوکے لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔

- Advertisement -

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سندھ کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر فلاپ ہوگیا، محض 34 رنز پر7 وکٹیں گنوانے کے بعد فاتح ٹیم کے دانش عزیز اور انورعلی نے آٹھویں وکٹ کے لیے 77رنز کی شراکت قائم کرکے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ سندھ نے 139 رنز کا ہدف میچ کی آخری گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ دانش عزیز نے 47 گیندوں پر 8 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ انور علی33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

فاسٹ باؤلر عثمان شنواری نے 3، عمران خان سینئر نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر خیبرپختونخوا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کے پی کی تجربہ کار بیٹنگ لائن اپ مکمل طور پر ناکام ہوگئی اور محض 87 رنز پر اس کے 7 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔ اس موقع پر عثمان خان شنواری نے 15 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 36 رنزپر مشتمل کیرئیر بیسٹ اننگز کھیلی، جس کی بدولت خیبرپختونخوا نے مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے۔مصدق احمد 25 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔

سہیل خان، حسان خان اور محمد حسنین نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے دانش عزیز کا کہنا ہے کہ وہ صرف وکٹ نہ گنوانے کا ذہن بناکر کریز پر کھڑے رہے، یقین تھا کہ دباؤ کم ہوگیا تو یہ ہدف عبور کرنا مشکل نہیں ہوگا۔ ایونٹ میں دوسری نصف سنچری بنانے والے دانش عزیز نے کہا کہ وہ ایک بارپھر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے پر بہت خوش ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں