کراچی : درخشاں تھانے کے ہیڈ محرر نے جرائم کے اڈے کھلوانے کے ریٹ مقرر کردیے، ویڈیو سامنے آنے پر ڈی آئی جی نے ہیڈ محرر کو معطل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں اب گیسٹ ہاؤس ڈانس پارٹی، غیر قانونی چائے کیفوں سمیت سب کے الگ الگ ریٹ مقرر کردیئے گئے، اس حوالے سے درخشاں تھانے کے ہیڈ محرر ہمراز کی رشوت خوری کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔
ویڈیو میں ہیڈ محرر کی گفتگو کو واضح طور پر سنا جاسکتا ہے کہ جس میں اس کا کہنا ہے کہ درخشاں تھانے کی حدود میں چائے کیفوں سے فی کس 30سے40ہزار روپے ہفتہ لیا جاتا ہے۔
ہیڈ محرر درخشاں ہمراز نے کہا کہ رعایت کے طور پر نئے کام کیلئے25ہزار روپے وصول کروں گا، پیسے دیتے رہو اور جو کام کرنا ہے کرو۔
ہیڈ محرر کی رشوت خوری کی ویڈیو سامنے آنے پرڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے فوری ایکشن لے لیا انہوں نے ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ کو مذکورہ ہیڈ محرر درخشاں کی معطلی کا حکم جاری کردیا۔