دارالعلوم دیوبند اہم دینی تدریسی ادارہ ہے جو بھارت کے شہر دیوبند میں واقع ہے اس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے متعلق وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے۔
دارالعلوم دیوبند کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ان کے ادارے کا سوشل میڈیا پر کوئی آفیشل اکاؤنٹ نہیں ہے اور اس نام سے جتنے بھی سوشل میڈیا پر اکاؤنٹس گردش کر رہے ہیں وہ تمام جعلی ہیں۔
اس حوالے سے دارالعلوم دیوبند کے مہتمم و شیخ الحدیث مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کچھ لوگ دارالعلوم دیوبند کے نام سے جعلی اکاؤنٹس بنا کر ان سے پوسٹ کر رہے ہیں اور عوام میں ان پوسٹ کو دارالعلوم دیوبند کے پیغام کے طور پردیکھا جاتا ہے۔ اس لیے ادارہ کی جانب سے یہ واضح کیا جاتا ہے کہ سوشل میڈیا کے کسی بھی پلیٹ فارم پر دارالعلوم دیوبند کے نام سے کوئی اکاؤنٹ یا پیج ملے، تو اسے دارالعلوم دیوبند کا تصور نہ کیا جائے۔
جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دارالعلوم دیوبند سے متعلق تمام تر مستند خبریں، اعلانات اور معلومات صرف اور صرف دارالعلوم دیوبند کی آفیشیل ویب سائٹ (www.darululoom-deoband.com) پر ہی فراہم کی جاتی ہیں۔
مفتی نعمانی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ عمل نہ صرف غلط فہمی اور انتشار کا باعث بنتا ہے بلکہ دارالعلوم دیوبند کے اصولوں اور ساکھ کے بھی خلاف ہے۔ چناں چہ جن حضرات نے دارالعلوم دیوبند کے نام سے کوئی اکاؤنٹ یا پیج بنایا ہو، ان سے اپیل ہے کہ وہ ادارے کے نام سے جعلی اکاؤنٹس ختم کر دیں اور دارالعلوم دیوبند کی عزت و وقار کا احترام کریں۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر دارالعلوم دیوبند سے منسوب کر کے کچھ جعلی اکاؤنٹس بنا کر اس سے مختلف قسم کے پیغامات عام کیے جا رہے ہیں۔ اس سے ادارہ کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔