نوشہرہ : دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں خودکش دھماکے کا مقدمہ نامعلوم حملہ آور کے خلاف درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نوشہرہ میں دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں خودکش دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا،
مولانا حامدالحق حقانی کے صاحبزادے عبدالحق ثانی کی مدعیت میں نامعلوم حملہ آور کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ خود کش حملہ آور کے اعضا فرانزک لیب بھجوادیے گئے اور حملے میں ملوث دہشتگردوں کی جلد نشاندہی کی جائے گی،
گزشتہ روز دھماکے میں مولانا سمیع الحق کےبیٹے حامد الحق سمیت سات افراد شہید ،آٹھ زخمی ہوئے تھے۔
عینی شاہد نے بتایا تھا کہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مولانا حامد الحق مسجد سے نکلنے لگے تو دروازے پر کھڑالڑکاان سے ہاتھ ملانے آگے بڑھا اور خود کو اڑالیا۔
دارالعلوم حقانیہ میں داخلے کے لیے 4 دروازے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور مولانا حامد الحق کے لیے مخصوص دروازے سے اند رآیا۔
بم ڈسپوزل یونٹ اور پولیس کی ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔