اے آر وائی ڈیجیٹل کا نیا ڈرامہ سیریل ’دستک‘ کی پہلی قسط 24 جنوری بروز جمعہ کو رات 8 بجے نشر کی جائے گی۔
ڈرامہ سیریل ’دستک‘ میں ابھرتے ہوئے اداکار علی رضا (معیز حسن)، اداکارہ سوہائے علی ابڑو (کرن)، فیروز قادری (سیف)، مومنہ اقبال، شبیر جان ودیگر اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔
دستک کے سکس سگما پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا، ڈرامے کی ہدایت کاری کے فرائض مرینہ خان نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی منفرد کہانی ثروت نذیر نے لکھی ہے۔
ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح بڑوں کا ایک غلط فیصلہ بچوں کے لیے زندگی بھر کا پچھتاوا بن جاتا ہے۔
سوہائے علی ابڑو کی شادی فیروز قادری سے کردی جاتی ہے اور ان کا ایک بیٹا ہے لیکن فیروز بہت ہی لاپرواہ ہیں اور ان کا شادی شدہ ہونے کے باوجود مومنہ اقبال سے افیئر چل رہا ہے۔
دوسری جانب یونیورسٹی کے کلاس فیلو علی رضا، سوہائے علی ابڑو سے محبت کرتے ہیں اور سوہائے کی جانب سے شادی کا کارڈ دینے کے بعد نم آنکھوں کے ساتھ ان کی شادی میں پہنچ جاتے ہیں۔
دستک کے ٹیزر اور پرومو کو مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے اور مداح اس کی پہلی قسط دیکھنے کے بے تابی سے منتظر ہیں۔