برازیل میں ایک بیٹی نے بیمار ماں کی تیمارداری سے تنگ آکر اسے قتل کرنے کی کوشش کی تاہم جلد ہی پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔
یہ افسوسناک واقعہ برازیل میں پیش آیا جہاں وارڈ میں موجود ایک اور مریض نے پورے منظر کو اپنے موبائل میں فلمبند کرلیا۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عاقبت نااندیش بیٹی نے ماں کی ناک اور منہ کو اپنے ہاتھ سے ڈھانپ دیا تاکہ وہ دم گھٹنے سے ہلاک ہوجائے۔
پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر 32 سالہ بیٹی کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کی 68 سالہ ماں کو آئی سی یو منتقل کردیا گیا۔ بیٹی کی مذموم حرکت کے بعد ماں کی پھیپھڑے کی ایک نالی بند ہوگئی اور سانس کی آمد و رفت میں مشکل پیدا ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کی اس حرکت کی وجہ یہ تھی کہ وہ ممکنہ طور پر اپنی ماں کی تیمار داری سے تنگ آگئی تھی۔پولیس کے مطابق اس کے بیگ سے ایک سرنج بھی ملی ہے اور خدشہ ہے کہ اس نے ماں کو دواؤں کے ذریعے بھی قتل کرنے کی کوشش کی۔
ملزمہ نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ اس کا مقصد ماں کو قتل کرنا نہیں تھا۔ ملزمہ کے وکیل ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ ذہنی مسائل کا شکار تھی اور باقاعدہ ذہنی علاج کے مراحل سے گزر رہی تھی۔
عدالت نے ملزمہ کے مکمل اور فوری ذہنی چیک کروانے کی ہدایت کی ہے۔