لاہور: جائیداد کے لالچ میں غنڈوں کے ساتھ ماں اور بھائی پر تشدد کرنے والی بیٹی کے خلاف وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق بیٹی کا ماں پر تشدد کا واقعہ گزشتہ روز سامنے آیا تھا۔ لاہور کی رہائشی حنا ماں سے گھر خالی کروانے کے لیے غنڈوں کے ساتھ گھر میں داخل ہوئی۔ غنڈوں نے گھر میں گھس کر توڑ پھوڑ مچائی اور ماں اور بیٹے پر تشدد بھی کیا۔
گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں تمام مناظر محفوظ ہوگئے۔ بعد ازاں خاتون فوزیہ نے اپنی ویڈیو بناتے ہوئے بتایا کہ گھر خالی کروانے کے لیے ان کی بیٹی حنا نے ان پر تشدد کروایا۔
بزرگ خاتون فوزیہ کا کہنا ہے کہ تشدد سے ان کا بازو ٹوٹ گیا، جاتے جاتے بیٹی نے ماں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ فوزیہ ہارون کے مطابق پولیس نے بھی ان کی مدد نہیں کی۔
فوزیہ کے مطابق حنا نے ان کا زیور اور کار بھی چھین لی ہے، ان کی 2 بیٹیاں ہیں جن میں سے ایک ملک سے باہر ہے۔ وجہ تنازعہ 5 کنال 12 مرلے کا گھر ان کے مرحوم خاوند کا تھا جو اب ان کی ملکیت ہے۔
وزیر داخلہ کا نوٹس
وزیر مملکت برائے داخلہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو رپورٹ پیش کرنے اور ملزمان کے خلاف ایکشن لینے کی ہدایت کردی۔ شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ خواتین کی حرمت، چادر اور چار دیواری کا تحفظ ریاست یقینی بنائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کمزور اور غریب طبقات کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ترجیحات میں ہے۔