اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی اہلیہ کی بیٹی مہرو حیات نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی ، جس پربشریٰ بی بی نے مبارکباد دی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ نے بنی گالہ میں خواتین سے ملاقاتیں کیں، ملاقات میں بشریٰ بی بی نے فرح خان اور مہرو حیات کو پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر بشریٰ بی بی نے کہا کہ پی ٹی آئی خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے انقلابی اقدامات کرے گی، خواتین ملکی ترقی کے لئے آگے آئیں، پی ٹی آئی پلیٹ فارم دے گی۔
اس سے قبل بنی گالہ میں عمران خان نے سماجی و کاروباری شخصیات فرح خان اور مہرو حیات سے ملاقات کی ، دونوں خواتین نے انتخابات میں کامیابی پر چیئرمین تحریک انصاف کو مبارکباد دی۔
اس موقع پر فرح خان اور مہرو حیات نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کاباضابطہ اعلان کیا اور تحریک انصاف کی قیادت اور منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
اس موقع پر عمران خان نے دونوں شخصیات کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف پارٹی کے چیئرمین عمران خان کو وزیراعظم کے لیے نامزد کر چکی ہے۔
عمران خان نے ہر ہفتے بطوروزیر اعظم ایک گھنٹہ عوام کے سوالات کے جوابات دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ فیصلے میرٹ پر اور قوم کے مفاد کیلئے کروں گا۔