پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

غباروں کے ذریعے ہزاروں فٹ کی بلندی پر پرواز

اشتہار

حیرت انگیز

معروف امریکی شعبدہ باز اور اسٹنٹ مین ڈیوڈ بلین نے حیرت انگیز اسٹنٹ کر کے ایک بار پھر سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا، ڈیوڈ نے صرف غباروں کی مدد سے 24 ہزار فٹ کی بلندی پر ایک گھنٹے تک پرواز کی۔

امریکی شعبدہ باز ڈیوڈ بلین نے امریکی ریاست ایریزونا کے جنگلات کے اوپر ایک گھنٹے تک پرواز کی اور اس کے لیے اس نے 52 ہیلیئم بھرے غباروں کی مدد لی۔

47 سالہ اسٹنٹ مین کا یہ اسٹنٹ یوٹیوب پر براہ راست اسٹریم کیا گیا۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈیوڈ 52 ہیلیئم بھرے غباروں کی مدد سے 24 ہزار فٹ کی بلندی پر اڑ رہا ہے۔

ڈیوڈ کا خیال تھا کہ وہ صرف 18 ہزار فٹ کی بلندی تک پہنچ سکے گا تاہم وہ 24 ہزار فٹ کی بلندی تک جا پہنچا جس کے بعد اس نے واپس نیچے کی طرف اسکائی ڈائیو کی۔

ڈیوڈ کا یہ اسٹنٹ ایک گھنٹے تک جاری رہا، اس دوران اس کی 9 سالہ بیٹی زمین پر موجود رہی اور اس نے کئی بار اپنے والد سے بات بھی کی۔

ڈیوڈ کا کہنا تھا کہ اس کا یہ اسٹنٹ نہایت سنسنی خیز اور پرجوش کردینے والا تھا، مذکورہ اسٹنٹ نیویارک میں کیا جانا تھا لیکن وہاں کا موسم ناموافق ہونے کے باعث اسے ریاست ایریزونا میں کیا گیا۔

وہ بتاتا ہے کہ اس اسٹنٹ کی تیاری کے لیے اسے 2 سال لگے اور اس کے لیے اس نے باقاعدہ اسکائی ڈائیونگ سیکھی جبکہ پائلٹ کا لائسنس بھی حاصل کیا۔

ڈیوڈ اس سے پہلے بھی کئی اسٹنٹس کر چکا ہے جن میں پانی میں کئی گھنٹے تک رہنے، پلاسٹک باکس میں کئی دن کے لیے خود کو بند کردینے اور برف کے بلاکس کے درمیان رہنے کے اسٹنٹس بھی شامل ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں