ہفتہ, جنوری 18, 2025
اشتہار

غیر ملکی کرکٹر قومی ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)  نے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ ہیمپ کو قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ڈیوڈ ہیمپ  کی تعیناتی، تقرری کے  ایک مربوط عمل سے گزرنے کے بعد کی گئی ہے۔

اگلے ہفتے اپنی پچاسویں سالگرہ منانے والے ڈیوڈ ہیمپ گزشتہ پانچ سال سے وکٹورینز ویمنز کرکٹ ٹیم اور آسٹریلوی ویمنز بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز  کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔

- Advertisement -

سابق کرکٹر اور یوکے لیول فور کوالیفائیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ برمودا اور گلیمورگن کرکٹ ٹیم کی قیادت بھی کرچکے ہیں۔انہوں نے گلیمورگن، فری اسٹیٹ اور ورکشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے 271 فرسٹ کلاس میچوں میں 15ہزار سے زائد رنز بنائے۔

انہوں نے برمودا کی نمائندگی کرتے ہوئے 22 ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں  میں 641 رنزبنائے، ڈیوڈ ہیمپ کے انٹرنیشنل کیرئیر میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریاں شامل ہیں۔

پاکستان ویمنز ونگ کی قائم مقام سربراہ اور چیئرآف ویمنز سلیکشن کمیٹی عروج ممتاز کا کہنا تھا کہ پی سی بی ڈیوڈ ہیمپ کو قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے پر خوش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیوڈ ہیمپ اپنے  ہمراہ وکٹوریا اور ملیبرن اسٹارزویمنزکرکٹ ٹیموں کے ساتھ کام کرنے کا پانچ سالہ تجربہ لے کر آئیں گے جو پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے لیے سودمند ثابت ہوگا۔

یاد رہے کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوش کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے 18 اگست کو اشتہار جاری کیا تھا جس پر 18 غیرملکیوں سمیت 38 خواہش مند امیدواروں نے درخواست جمع کروائی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر وسیم خان، عروج ممتار اور گرانڈ بریڈ نے گزشتہ ہفتے امیدواران کے حتمی انٹرویو کیے جس کے بعد ہیڈ کوچ کا قرعہ ڈیوڈ ہیمپ کے نام پر نکلا۔

Comments

اہم ترین

عمیر دبیر
عمیر دبیر
محمد عمیر دبیر اے آر وائی نیوز میں بحیثیت سب ایڈیٹر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں

مزید خبریں