آسٹریلیا کے سابق اسٹار کرکٹر ڈیوڈ وارنر بھارتی ایئر لائن پر برس پڑے اور بول اٹھے کہ جب پائلٹ ہی نہیں تو جہاز اڑاتے ہی کیوں ہو۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے سابق اسٹار کرکٹر ڈیوڈ وارنر جو ان دنوں بھارت میں موجود ہیں۔ انہیں بنگلورو ایئرپورٹ پر پرواز کے لیے گھنٹوں انتظار کرنا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق ڈیوڈ وارنر سمیت متعدد مسافر کئی گھنٹے جہاز میں بیٹھے رہے۔ جہاز نہ اڑنے کی وجہ پائلٹ دستیاب نہ ہونا بتایا جاتا ہے۔
کئی گھنٹے انتظار کی اذیت برداشت کرنے والے سابق آسٹریلوی کرکٹر نے سارا غصہ سوشل میڈیا کے ذریعہ بھارتی ایئر لائن پر نکالا اور ایکس اکاؤنٹ پر شدید تنقید پر مبنی پوسٹ کی۔
ڈیوڈ وارنر نے لکھا کہ ہم ایک ایسے ہوائی جہاز میں سوار ہوگئے ہیں، جس میں کوئی پائلٹ موجود نہیں اور ہم گھنٹوں سے اس طیارے میں انتظار کر رہے ہیں۔
انہوں نے ایئر لائن انتظامیہ کو کھری کھری سناتے ہوئے لکھا کہ جب آپ کے پاس فلائٹ کے لیے پائلٹ ہی موجود نہیں تھا تو جانتے بوجھتے آپ نے مسافروں کو کیوں سوار کرایا؟