آسٹریلیا اور بھارت کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی ایک روزہ سیریز کے دوسرے میچ میں فیلڈنگ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر زخمی ہوگئے جس کے بعد انہیں سیریز کے بقیہ میچز سے باہر ہونا پڑا ہے۔
آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر زخمی ہونے کی وجہ سے ایڈیلیڈ میں 17 دسمبر سے بھارت کے خلاف شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔
انہیں پوری فٹنس حاصل کرنے میں ابھی مزید 10 دنوں کا وقفہ درکار ہے جس کے بعد وہ 26 دسمبر سے میلبورن میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں کھیل سکیں گے۔
وارنر فی الحال خصوصی علاج کے لیے سڈنی میں رہیں گے جبکہ ٹیم کے بقیہ کھلاڑی ایڈیلیڈ روانہ ہو جائیں گے۔
وارنر کا کہنا ہے کہ میں تیزی سے صحت یاب ہورہا ہوں اور علاج کے لیے مجھے سڈنی میں ہی رکنا بہتر ہوگا، میں چوٹ سے کافی حد تک نجات حاصل کرچکا ہوں لیکن ٹیسٹ میچ میں 100 فیصد کارکردگی دینے کے لیے ابھی بھی مجھے ذہنی طور پر خود کو تیار کرنا باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فٹنس ثابت کرنے کے لیے مجھے وکٹوں کے بیچ دوڑ لگانا اور فیلڈنگ کرنی ہوگی، میں ابھی اپنی فٹنس کے تعلق سے پوری طرح مطمئن نہیں ہوں اور مجھے مکمل طور پر صحت یاب ہونے میں ابھی مزید 10 دن لگیں گے۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کوچ جسٹن لنگر کا کہنا ہے کہ انہیں وارنر کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ تک پوری طرح فٹ ہونے کی توقع ہے، انہوں نے کہا کہ وارنر جس مقام پر ہیں اس کے لیے انہوں نے کافی جدوجہد کی ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ میلبرن ٹیسٹ کے لیے پوری طرح فٹ ہوں گے۔