نئی دہلی: آسٹریلوی جارح مزاج بلے باز ڈیوڈ وارنر نے اپنی ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ ٹیسٹ سیریز کے دوران ویرات کوہلی پر جملے کسنے سے باز رہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے اپنی ٹیم کو ویرات کوہلی سے خبردار کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی پر فقرے نہ کسے جائیں اس طرح ویرات کا کھیل بگڑتا نہیں بلکہ وہ مزید بہتر کھیل پیش کرتا ہے۔
ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ ریچھ کو چھیڑنے کی کوشش سے صرف یہ ہوگا کہ وہ آپ پر پلٹ کر وار کرے گا اور آپ کی ٹیم ڈھیر ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم رواں سال دسمبر میں آسٹریلیا پہنچے گی اور شیڈول کے مطابق جنوری 2021 میں میزبان ٹیم کے ساتھ 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھارتی ٹیم کا دورہ آسٹریلیا کرونا وائرس کے باعث ملتوی ہوگیا تھا تاہم اب جنوری میں بھارتی ٹیم آسٹریلیا پہنچے گی۔
کرونا کے باعث رواں سال اکتوبر نومبر میں ہونے والا میگا ایونٹ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ پر بھی خطرات کے بادل منڈلا رہے ہیں اور آئی سی سی کا کہنا تھا کہ آئندہ ماہ ایونٹ کے انعقاد کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔