اسلام آباد : عمران خان اور شیخ رشید نے ڈان لیکس کی تحقیقاتی رپورٹ میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈان لیکس کی تحقیقاتی رپورٹ کہاں گئی ؟
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ملاقات کی، ملاقات میں پانامہ لیکس کیس، ڈان لیکس کے معاملے، پاکستان سپر لیگ کے فائنل اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر شیخ رشید نے سوال اٹھایا کہ ڈان لیکس کی تحقیقاتی رپورٹ ابھی تک منظر عام پر کیوں نہیں آئی؟ جس پر عمران خان نے بھی رپورٹ سامنے نہ آنے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ پاناما لیکس پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے عمران خان کے مؤقف کی حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ پاناما لیکس کا فیصلہ کچھ بھی ہو کرپشن کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔ اس دوران فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملے پر پاکستان پیپلزپارٹی کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
شیخ رشید احمد نے کپتان سے پاکستان سپر لیگ فائنل میں شرکت سے متعلق اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ ملاقات سے قبل عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں پاکستان میں امریکی ڈرون حملے کی پر زور الفاظ میں مذمت کی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملہ انسانی حقوق اور ہماری خود مختاری کی خلاف ورزی ہے، انہوں نے ڈرون حملے کے منفی اثرات سے بھی خبردار کیا۔