کراچی : کمشنر کراچی نے انتظامیہ کو توانائی بچت پروگرام کے تحت مارکیٹیں، شادی ہال اور ریسٹورنٹس جلد بند کرانے کے حکم نامے پرعمل درآمد کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے توانائی بچت پروگرام کے تحت کراچی میں شاپنگ مالز اور مارکیٹیں رات ساڑھے آٹھ بجے، شادی ہال اور ریسٹورنٹس رات دس بجے بند کرنے کے لیے سندھ حکومت کو مراسلہ بھیج دیا۔
مراسلہ موصول ہونے کے بعد کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھ دیا۔
جس میں ہدایت کی ہے کہ ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے علاقوں میں توانائی پروگرام پر عمل درآمد کرائیں گے۔
کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں اسٹریٹ لائٹس کو بھی محدود کیا جائے گا۔
کمشنر کراچی نے ڈپٹی کمشنرز کو رپورٹ مرتب کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے۔
واضح رہے کہ 22 فروری کو وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی بچت پروگرام کے تحت مارکیٹوں کو رات ساڑھے آٹھ بجے بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ توانائی کی بچت سے متعلق جو پروگرام بنایا تھا اس پرعمل نہیں ہوا مگر آج سے توانائی بچت کے پروگرام پرسختی سےعملدرآمد کرنےجارہےہیں، اس قسم کے فیصلے پرمن وعن عمل ہوجائےتو یقیناً معاشی بہتری کے فیصلے ہوں گے۔