سڈنی : آسٹریلیا میں دو کمسن بچوں کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ہے دونوں بچے گھر سے پراسرار طور پر مردہ حالت میں ملے، پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد ایک بوڑھی خاتون کو حراست میں لے لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کے نیو ساؤتھ ویلز کے ایک علاقائی قصبے کونابارابرن میں دو کم سن بچوں کی ہلاکت کے بعد ایک 66 سالہ خاتون کو حراست میں لے لیا گیا ہے، مردہ حالت میں ملنے والے دونوں بچوں کی عمریں 8 اور 10 سال ہیں۔
مقامی پولیس کے مطابق گزشتہ روز دوپہر 2 بجے پولیس کو ایک گھر میں دو بچوں سے متعلق تشویشناک اطلاع ملی، جب پولیس اہلکار اس گھر میں داخل ہوئے تو وہاں چھوٹی عمر کے دو لڑکوں کی لاشیں پائی گئیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کی گئی 66 سالہ خاتون ان بچوں کو جانتی تھیں، انہیں جائے وقوعہ سے گرفتار کر کے پہلے مقامی پولیس اسٹیشن لے جایا گیا اور بعد ازاں طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں وہ پولیس کی نگرانی میں زیرِ علاج ہیں۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ اس واقعے سے عوام کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے اور نہ ہی وہ کسی اور شخص کو اس کیس میں تلاش کر رہے۔ تاہم بچوں کی ہلاکت سے م،تعلق مختلف زاویوں سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔