ممبئی : بھارت میں ایک گھر سے اندر سے جواں سالہ ائیر ہوسٹس کی خون میں لت پت لاش ملی ہے، پراسرار قتل نے پولیس کو بھی الجھا دیا۔
بھارتی ریاست مہارشٹرا کے شہر ممبئی میں ایک ٹرینی ایئر ہوسٹس کی پرسرار اور مشتبہ انداز میں موت واقع ہوئی ہے مقتولہ اپنے فلیٹ میں خون میں لت پت مردہ حالت میں پولیس کو ملی۔
ریاست36گڑھ سے تعلق رکھنے والی 25 سالہ روپل اوگرے ائیر انڈیا میں ملازمت کے لیے منتخب ہوئی تھی۔ وہ رواں سال اپریل میں ممبئی منتقل ہوئی اور اندھیری کی ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کے فلیٹ میں اپنی بہن اور دوست کے ساتھ مقیم تھی۔
چند دن قبل اس کی بہن اور دوست آبائی علاقے گئے ہوئے تھے جس کے بعد روپل اوگرے اکیلے ہی فلیٹ میں مقیم تھی، اتوار کی شام روپل کے اہل خانہ نے اسے فون کیا اور کال ریسیو نہ کرنے پر انہوں نے اس کے دوستوں کو اطلاع دی اور فلیٹ میں جاکر دیکھنے کو کہا۔
مذکورہ لوگ جب فلیٹ پر پہنچے تو دروازہ اندر سے بند تھا، فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی، بعد ازاں پولیس دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہوئی تو روپل کی لاش خون میں لت پت موجود تھی، پولیس نے اس سلسلے میں رپورٹ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے، تاہم فوری طور پر موت کی وجوہات کا حتمی تعین نہیں ہوسکا ہے۔