لاہور: محکمہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مردہ مرغیوں کا گوشت اور نیم مردہ مرغیاں قبضے میں لے لیں، اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 2800 کلو سے زائد حرام گوشت تلف کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے کا مکروہ دھندہ جاری ہے، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے صوبے کے مختلف شہروں میں قائم گوشت مارکیٹوں کی چیکنگ کی، جہاں مردہ مرغیوں کے گوشت اور نیم مردہ مرغیوں کی فروخت کا انکشاف ہوا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ڈائریکٹرآپریشنز رافعہ حیدر نے بتایا کہ چار سو کلو کے قریب نیم مردہ مرغیاں تلف کردی گئیں، اس کے علاوہ مانگا منڈی سے لاہور آنے والا نیم مردہ مرغیوں کا ٹرک بھی پکڑا گیا ہے۔
سٹی ڈسٹرکٹ کے ویٹنری افسر نے مرغیاں بیمار ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ رافعہ حیدر نے کا مزید کہنا تھا کہ دیگر شہروں میں کی جانے والی کارروائیوں کے دوران فیصل آباد میں 1360کلو مضرصحت مرغی کا گوشت تلف کیا گیا، راولپنڈی میں 350 کلو مردہ مرغیاں جبکہ 260 کلو بیمارمرغیاں تلف کی گئئیں۔
مزید پڑھیں : بھارت سے درآمد مرغی کی فیڈ میں سور کی چربی کا انکشاف
اس کے علاوہ ملتان میں کی جانے والی کارروائی میں 410کلوناقص مرغی کا گوشت تلف کیا گیا۔ اس سے قبل بھارت سے درآمد کردہ مرغی کی فیڈ میں سور کے گوشت اور چربی کے استعمال کا انکشاف ہوا تھا، جس کے بعد پنجاب اسمبلی میں فیڈ بند کروانے کے لیے قرارداد جمع کرادی گئی تھی۔