امان: اردن میں بحر مردار سے متصل ایک پراسرار سرخ تالاب نمودار ہوا ہے جو سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا، جوہڑ کی تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اردن میں موجود بحر مردار کے نزدیک ہی یہ سرخ جوہڑ نمودار ہوا، تالاب کی تصاویر اور ویڈیو کثرت سے گردش کررہی ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین اس حوالے سے حقیقت جاننے کے لیے بے تاب ہیں اسی سبب مختلف تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
اردن کی وزارت داخلہ کے ترجمان عمر سلامہ کا کہنا ہے کہ بحر مردار کے علاقے میں سامنے آنے والا یہ سرُخ جوہڑ سمندر سے مکمل طور پر الگ ہے، البتہ اس پراسرار تالاب کی سچائی تک پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں۔
اليوم لاحظ بعض رواد البحر الميت خروج مياه لونها مختلف كما موضح بالصور
وكل ما فيها منسوب المياه برتفع وبنفس اللون
في ناس عندو فكرة عن هاي الظاهرة؟
وما اسبابها؟ pic.twitter.com/TYyl7RaUXc— سليمان الهويمل🇯🇴 (@Sulaimanhwamil) September 11, 2021
انہوں نے بتایا کہ وزارت کی جانب سے مخصوص ٹیموں نے سرخ پانی کے حامل اس جوہڑ کے نمونے لیے ہیں جن کا مشاہدہ لیبارٹیریز میں کیا جائے گا۔
متعلقہ ادارے کا کہنا تھا کہ جلد اس تالاب کی حقیقت سے آگاہ کردیا جائے گا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اردن میں سوشل میڈیا پر پوسٹوں کی ایک بڑی تعداد میں اس سرخ جوہڑ کی تصاویر کو پیش کیا گیا ہے جو اچانک ظاہر ہوا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ تالاب، بحر مردار سے بالکل الگ ہے لہذا سمندر کا پانی متاثر نہیں ہوگا۔