لاہور : کاونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی) نے کالعدم داعش کے اہم کمانڈر سمیت 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کاونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی) نے فیصل آباد، جہلم،چکوال میں کارروائیاں کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان نے بتایا کہ فیصل آباد سے کالعدم داعش کے اہم کمانڈر کو گرفتار کیا اور دھماکاخیزمواد،آئی ای ڈی بم، ڈیٹونیٹرز، نقدی ودیگرسامان برآمد کرلیا۔
دہشت گردوں کی شناخت عبدالوہاب ،سیف اللہ،خرم عباس کےنام سےہوئی، رواں ہفتے 952 کومبنگ آپریشنز میں 506 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے۔
یاد رہے گذشہ ماہ القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ڈی آئی جی عثمان اکرم گوندل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ امین الحق نامی القاعدہ کے دہشت گرد کو گجرات سے گرفتار کیا ہے،ملزم کا نام امریکا اور یورپی یونین کی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل ہے۔
عثمان اکرم گوندل کا کہنا تھا کہ اس کے پاس پاکستانی شناختی کارڈ ہے جس پرلاہور اور ہری پور کا پتا ہے، تحقیقات کا آغاز کرچکے ہیں کہ اتنا بڑا دہشت پاکستان میں کیا کررہا تھا اور کن کاغذات پر پاکستان آیا ۔