جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

اداکار عابد علی کو مداحوں سے بچھڑے 2 برس بیت گئے

اشتہار

حیرت انگیز

آج پاکستان کے نام وَر اداکار عابد علی کی دوسری برسی ہے۔ پی ٹی وی پر اپنی لاجواب اور شان دار پرفارمنس سے کرداروں میں حقیقت کا رنگ بھرنے والے عابد علی 5 ستمبر 2019 کو اپنے مداحوں سے ہمیشہ کے لیے جدا ہوگئے تھے۔

انھوں نے پاکستان میں چھوٹی اسکرین پر چار دہائیوں تک راج کیا۔ ریڈیو پاکستان سے کیریئر کا آغاز کرنے والے عابد علی نے 1973ء میں پی ٹی وی کے ڈرامے جھوک سیال میں سب سے پہلے اداکاری کی۔ وہ پی ٹی وی کے کئی مشہور اور یادگار ڈراموں میں نظر آئے ناظرین میں‌ مقبول ہوئے۔ ملک میں نجی ٹی وی چینلوں کا آغاز ہوا تو انھیں درجنوں ڈراموں میں‌ اداکاری کرنے کا موقع ملا۔

اداکار عابد علی نے 70 سے 90 کی دہائی تک پی ٹی وی کے کئی مقبول ڈراموں میں کام کیا۔ وارث، دشت، پنجرہ، پیاس، دوریاں، خواہش، آنگن، مہندی ان کے یادگار ڈرامے ہیں۔

- Advertisement -

پاکستان ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والا مقبول ترین ڈرامہ خواہش میں انھوں نے خوشی محمد کا کردار نبھایا تھا جو ایک ٹرک ڈرائیور تھا۔ یہ اصغر ندیم سید کا تحریر کردہ ڈرامہ تھا جس میں اپنے مخصوص لب و لہجے اور انداز کے سبب عابد علی ناظرین کے دلوں میں اتر گئے۔ عابد علی نے نجی ٹیلی ویژن چینلوں کے لیے ہدایت کاری بھی کی۔

وہ 29 مارچ 1952ء کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے تھے۔ اسکول کے دنوں میں ان کی توجہ تحریر اور مصوّری کی طرف رہی۔ تاہم 1969 میں جب وہ کالج میں پڑھ رہے تھے، انھیں‌ ریڈیو پر کام کرنے کا موقع ملا اور انھوں نے سامعین کو اپنی آواز اور انداز سے اپنا گرویدہ بنا لیا۔

عابد علی جگر کے کینسر کی تشخیص کے بعد لاہور اور کراچی کے اسپتالوں میں زیرَ علاج رہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں