تازہ ترین

کچے کے ڈاکوؤں کو اسلحہ فراہم کرنیوالے 3 پولیس افسران سمیت 7 گرفتار

کراچی : پولیس موبائل میں جدید اسلحہ سندھ اسمگل...

پاکستان کو آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر قرض پروگرام کی توقع

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ...

اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ

امریکی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آرہا...

نام وَر موسیقار، گلوکار اور اداکار رفیق غزنوی کا یومِ وفات

آج برصغیر کے نام ور موسیقار، گلوکار اور اداکار رفیق غزنوی کی برسی ہے۔ وہ 2 مارچ 1974ء کو وفات پاگئے تھے۔

1907ء میں راولپنڈی میں آنکھ کھولنے والے رفیق غزنوی نے گورڈن کالج راولپنڈی سے گریجویشن کیا۔ انھیں شروع ہی سے موسیقی سے لگاؤ تھا۔ ان کا یہی شوق انھیں استاد عبدالعزیز خان صاحب کے پاس لے گیا جن سے اس فن کے اسرار و رموز سیکھے اور بعد کے برسوں میں ان کا شمار صفِ اوّل کے موسیقاروں میں ہوا۔

رفیق غزنوی نے اپنے فلمی کیریر کا آغاز اداکاری سے کیا تھا۔ انھوں نے لاہور میں بننے والی پہلی ناطق فلم ہیر رانجھا کا مرکزی کردار نبھایا اور اس فلم کی موسیقی بھی ترتیب دی تھی۔ بحیثیت اداکار خود پر فلمائے گئے نغمات بھی انھوں نے گائے تھے۔ بعد ازاں وہ دہلی چلے گئے جہاں آل انڈیا ریڈیو سے وابستہ ہوگئے۔ کچھ عرصہ بعد بمبئی منتقل ہوگئے اور وہاں‌ کئی فلموں کی موسیقی ترتیب دی۔

رفیق غزنوی نے یوں تو پاک و ہند میں بننے والی کئی فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دی، لیکن ’اپنی نگریا، بہو رانی، سکندر، سوامی، کلجگ اور سوسائٹی نے انھیں‌ خوب شہرت دی۔ فلم کلجگ اور سوسائٹی کے گیت خاصے مقبول ہوئے۔

قیامِ پاکستان کے بعد رفیق غزنوی نے کراچی کو اپنا مستقر ٹھہرایا اور ریڈیو پاکستان سے وابستہ ہوگئے۔ رفیق غزنوی نے تقسیمِ ہند سے قبل بڑا عروج دیکھا، لیکن پاکستان آنے کے بعد انھوں نے زندگی کا بڑا حصّہ فن و تخلیق سے دور رہ کر گزارا۔ ریڈیو پاکستان میں اس وقت کے ڈائریکٹر جنرل زیڈ اے بخاری سے اختلافات کے بعد ملازمت بھی چھوڑ دی تھی۔

رفیق غزنوی نے کسی موسیقار گھرانے سے تعلق نہ رکھنے کے باوجود اپنے شوق اور لگن سے اس فن میں‌ وہ نام و مقام پیدا کیا جس کی مثال کم ہی ملتی ہے، لیکن ان جیسے نہایت قابل اور باصلاحیت فن کار کو ان کے معاشقوں اور رومان پرور مزاج نے بھی فلم انڈسٹری اور سنیما کے شائقین تک بجائے خود ایک موضوع بنائے رکھا۔

Comments

- Advertisement -